صفحہ اول - اردوJM
پیر 25 مئی 2026ء
متحدہ عرب امارات

شارجہ: پاکستان بزنس کونسل شارجہ (PBCS) اور پاکستان برطانیہ بزنس کونسل (PBBC) کے درمیان ایک پروقار مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب

پیر 25 مئی 2026ء


شارجہ: پاکستان بزنس کونسل شارجہ (PBCS) اور پاکستان برطانیہ بزنس کونسل (PBBC) کے درمیان ایک پروقار مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب

شارجہ: پاکستان بزنس کونسل شارجہ (PBCS) اور پاکستان برطانیہ بزنس کونسل (PBBC) کے درمیان ایک پروقار مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب شارجہ کے ایک معروف النواب ریسٹورنٹ میں منعقد ہوئی، جسے متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ کاروباری تعلقات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


تقریب کی میزبانی پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے ڈائریکٹر ایڈوائزری اور پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد چوہدری نے کی، جنہوں نے معزز مہمانوں،  اور دونوں کونسلز کے اراکین کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد اقبال خان کو گلدستہ پیش کیا۔


تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جبکہ پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے سینئر وائس چیئرمین سید سلیم اختر نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں کونسلز کے اراکین کے لیے کاروباری مواقع اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دے گا۔


تقریب میں پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے راشد اقبال خان، عادل خان، بورڈ ممبران علاوہ پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے اراکین نے بھی شرکت کی، جبکہ دیگر شریک مہمانوں میں شفیق الرحمن، ظہیر احمد، ڈاکٹر ظفر طاہر، فراز صدیقی اور احمد طور بھی شامل تھے۔ شرکاء نے اس معاہدے کو بین الاقوامی تعاون اور بزنس ڈویلپمنٹ کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔


اپنے خطاب میں راشد اقبال خان نے تقریب کے انعقاد پر پاکستان بزنس کونسل شارجہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اشتراک متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری اور برطانیہ کے درمیان مضبوط رابطے کا ذریعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ بزنس کونسل سرمایہ کاروں، اسٹارٹ اپس اور بزنس کمیونٹی کو رہنمائی، نیٹ ورکنگ اور اسٹریٹجک شراکت داری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔


مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں تنظیموں کے اراکین کو متحدہ عرب امارات اور برطانیہ میں کاروبار کے قیام کے لیے مفت مشاورتی خدمات فراہم کی جائیں گی، جبکہ اس معاہدے سے پاکستانی بزنس کمیونٹی کے لیے سرمایہ کاری اور تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔


معاہدے پر پاکستان بزنس کونسل شارجہ کی جانب سے سید سلیم اختر جبکہ پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کی جانب سے راشد اقبال خان نے دستخط کیے۔


تقریب کے اختتام پر دونوں کونسلز کے نمائندگان کے درمیان یادگاری شیلڈز اور تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے درمیان دوستی، محبت اور یکجہتی کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا

اس موقع پر انڈیکس ایکسچیج کی جانب سے احمد طور نے پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد چوہدری کو انکی کمیونٹی خدمات پر یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی