صفحہ اول - اردوJM
اتوار 07 دسمبر 2025ء
متحدہ عرب امارات

راس الخیمہ کا میگا پراجیکٹ "RAK سینٹرل" 2027 میں کاروبار اور رہائشیوں کا خیرمقدم کرے گا

اتوار 07 دسمبر 2025ء


راس الخیمہ کا میگا پراجیکٹ "RAK سینٹرل" 2027 میں کاروبار اور رہائشیوں کا خیرمقدم کرے گا

راس الخیمہ:(نمائندہ خصوصی) شمالی امارات کا سب سے بڑا بزنس ڈسٹرکٹ "RAK سینٹرل" آئندہ دو برسوں میں اپنی تعمیرات کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد کاروباری اداروں اور رہائشیوں کا مرکز بننے جا رہا ہے۔ ماسٹر ڈویلپر"مرجان" نے گزشتہ ہفتے انفراسٹرکچر کے مکمل ہونے کا اعلان کیا۔

مرجان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبداللہ العبدولی نے خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "RAK سینٹرل ہیڈکوارٹرز" — جو اس منصوبے کا مرکزی دفتری کمپلیکس ہے — 24 ماہ میں کھول دیا جائے گا۔ اس کے لیے پائلنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ تعمیراتی معاہدے بھی طے پا گئے ہیں۔ یہ دفاتر بین الاقوامی کمپنیوں اور مقامی کاروباری اداروں کو ایک باوقار بزنس ایڈریس فراہم کریں گے۔

پراجیکٹ کے ماسٹر پلان کے مطابق، "RAK سینٹرل" 3.1 ملین مربع میٹر پر محیط ہوگا، جس میں 8.3 ملین مربع فٹ رقبے پر دفاتر، رہائشی یونٹس اور ہوٹل تعمیر کیے جائیں گے۔ پانچ جدید اور منسلک گریڈ اے دفتری عمارتوں کے ساتھ ساتھ 4,000 سے زائد رہائشی یونٹس اور ایک ہزار سے زیادہ ہوٹل کے کمروں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

عبداللہ العبدولی کے مطابق یہ منصوبہ ایک "مخلوط رہائشی و تجارتی کمیونٹی" ہوگا جس میں 15 فیصد حصہ دفاتر کا جبکہ 85 فیصد حصہ رہائشی اور مہمان نوازی کے منصوبوں پر مشتمل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا: "یہ دفاتر ہی منصوبے کا مرکز ہوں گے، پہلے لوگ یہاں کاروبار کے لیے آئیں گے اور اس کے بعد ریئل اسٹیٹ اور دیگر شعبے تیزی سے ترقی کریں گے۔