اسلام آباد (جانب منزل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں سلمان اکرم راجہ اور سردار لطیف کھوسہ کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے، دونوں رہنماؤں نے پارٹی کے اندر مکمل اتحاد و اتفاق کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے پہل کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ کا ہاتھ تھام لیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں گرمجوش ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر لطیف کھوسہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ سلمان اکرم میرے برخوردار ہیں
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی گزارشات پیش کرنا چاہتے ہیں، اس موقع پر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ بھی موجود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی مکمل طور پر متحد ہے اور جماعت کے اندر اتفاق اور نظم و ضبط موجود ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ جو لوگ پارٹی میں انتشار پیدا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
دونوں رہنماؤں کی اس گرمجوش ملاقات کو پارٹی کے اندر باہمی ہم آہنگی اور اختلافات کے خاتمے کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔





