آزاد کشمیر (جانب منزل نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کے دورِ حکومت میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، لیکن گزشتہ حکومت عالمی مالیاتی ادارے کو دوبارہ پاکستان لے آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں ڈالر 104 روپے کا تھا اور ملک میں 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا گیا تھا۔
آزاد کشمیر میں خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے ماضی کی حکومتوں کی کارکردگی پر تنقید کی اور کہا کہ آزاد کشمیر کا ماضی دردناک رہا ہے، جہاں عوام کے ساتھ بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا۔ اب ماضی کی تلخ یادیں بھلا کر ترقی اور خوشحالی کا نیا سفر شروع کرنا چاہتے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت نے بجلی کے کارخانے لگائے، ریکارڈ مدت میں لوڈشیڈنگ ختم کی اور لواری ٹنل جیسے اہم منصوبے مکمل کیے، لیکن انعام میں ان کی حکومت ختم کردی گئی۔
سابق وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی بہتری کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پوری ہمت سے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں موٹروے منصوبہ شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف سے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی اپیل بھی کی۔
نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں جو اچھے کام کیے تھے، مریم نواز انہیں آگے بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف کے ساتھ مریم نواز کو بھی شاباش دی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 15 سال سے حکومت کرنے والی جماعت کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے۔ تمام سیاسی جماعتوں کے ادوار کا تقابلی جائزہ ہونا چاہیے تاکہ عوام کے سامنے واضح ہو کہ کس جماعت نے اپنے دور میں کیا ترقیاتی کام کیے۔





