امریکا (جانب منزل نیوز) امریکی خلائی ادارے ناسا کے وائجر 1 نے کائنات کی وسعتوں میں ایک ایسا سنگ میل عبور کرلیا جس نے دنیا کو حیران کردیا۔ انسانوں کا تیار کردہ یہ پہلا خلائی جہاز بن گیا ہے جو زمین سے ایک نوری دن کے فاصلے تک پہنچ گیا ہے۔
1977 میں خلا میں روانہ کیے جانے والے وائجر 1 نے تقریباً نصف صدی تک مسلسل سفر کرتے ہوئے یہ تاریخی کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی وقت کے مطابق 18 نومبر کو سہ پہر 3 بج کر 16 منٹ پر یہ زمین سے ایک نوری دن کی مسافت پر پہنچا۔ اس کا مطلب ہے کہ روشنی کی رفتار سے بھیجا جانے والا سگنل اسے پہنچنے میں پورا ایک دن لے گا۔
وائجر 1 اس وقت زمین سے تقریباً 16 ارب میل دور موجود ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ دہائیوں پر محیط سفر کے باوجود اس خلائی جہاز کا زمین سے رابطہ برقرار ہے اور اس سے موصول ہونے والی معلومات سائنسی تحقیق میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
مشن سے وابستہ سائنسدان ایلن کمنگ کے مطابق وائجر 1 کی اصل کامیابی صرف طویل فاصلہ طے کرنا نہیں بلکہ اتنے برس گزرنے کے باوجود رابطے کا برقرار رہنا ہے۔
وائجر 1 نے مشتری اور زحل کے بارے میں اہم سائنسی معلومات فراہم کیں جبکہ 2012 میں نظام شمسی کی سرحد عبور کرکے بین النجمی خلا میں داخل ہونے والا پہلا انسانی خلائی جہاز بھی بن گیا۔
ناسا کے مطابق ابتدا میں وائجر مشنز کی متوقع مدتِ کار صرف پانچ سال سمجھی گئی تھی، لیکن دونوں خلائی جہاز کئی دہائیوں بعد بھی انسانی تاریخ کے طویل ترین خلائی مشنز میں شامل ہیں۔





