اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر سخت ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ کیا آپ کے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپ دوسروں کو لیکچر دینے اور دھمکیاں دینے کا حق رکھتے ہیں؟
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو سسٹم ری سیٹ کرنے کی بات کر رہے ہیں، لیکن کوئی بھی نظام عوامی تائید کے بغیر تبدیل نہیں ہوسکتا۔ سیاست دانوں کا احتساب کوئی نئی بات نہیں اور کوئی بھی سیاست دان احتساب سے بالاتر نہیں۔
وزیر دفاع نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، کیا سندھ جنت بن گیا ہے؟ کیا کراچی کی حالت ایسی ہے کہ دنیا اس پر رشک کرتی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی 2022 سے حکومتی معاملات میں شراکت دار ہیں، تو پھر حکومتی فیصلوں کے فائدے کس کے حصے میں اور نقصانات کی ذمہ داری کس پر آتی ہے؟
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ حکمرانی کسی کی اجارہ داری یا میراث نہیں بلکہ عوام کی امانت ہے۔ 25 کروڑ عوام کو حکمرانی میں شرکت اور اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔ سسٹم ری سیٹ پر پارلیمان میں بحث کے ساتھ عوامی رائے کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے۔





