ماسکو (جانب منزل نیوز) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے قابلِ فخر لمحہ، نوجوان اداکارہ دنانیر مبین نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ دوسرے بین الاقوامی یوریشیائی فلم ایوارڈز ’’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘‘ میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
دنانیر مبین کو یہ بڑا اعزاز پاکستانی فلم ’’میرا لیاری‘‘ میں اپنی متاثر کن اداکاری کے اعتراف میں دیا گیا۔ ان کی کامیابی نے عالمی فلمی اسٹیج پر پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کا لوہا منوا دیا۔
ماسکو میں منعقدہ اس پروقار تقریب میں مختلف ممالک کی فلموں اور فنکاروں کو ان کی غیر معمولی کارکردگی پر اعزازات سے نوازا گیا۔ رواں سال پاکستان کی دو فلمیں ’’میرا لیاری‘‘ اور ’’ویلکم ٹو پنجاب‘‘ بھی ان بین الاقوامی ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئی تھیں۔
دنانیر مبین کی کامیابی نہ صرف ان کے فنی سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے بھی عالمی سطح پر ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس اعزاز نے پاکستانی سینما کو بین الاقوامی سطح پر مزید نمایاں کردیا۔





