ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے وزیر صحت و تحفظِ صحت احمد علی الصایغ نے صحت کے شعبے میں مضبوط اور جدید نظام کی تشکیل کو قومی سلامتی کی اہم ترجیح قرار دے دیا۔ ابوظہبی میں منعقدہ 46ویں عالمی کانگریس آف ملٹری میڈیسن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی اصل طاقت بحرانوں کے دوران عوام کو بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت میں بھی پوشیدہ ہے۔
احمد علی الصایغ کے مطابق اسپتالوں، ادویات کی فراہمی اور ڈیجیٹل طبی نظام کا تحفظ قومی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ جدید دور میں اسپتالوں پر سائبر حملے بھی مریضوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، اس لیے ڈیجیٹل ہیلتھ انفراسٹرکچر کو محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے سرکاری و نجی طبی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کیا ہے، تاکہ کسی بھی بحران میں علاج، ڈائیلاسز، زچگی کی سہولیات اور ضروری ادویات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
کانگریس میں متحدہ عرب امارات نے چھ جدید طبی منصوبوں کی نمائش بھی کی، جن میں مصنوعی ذہانت پر مبنی بیصیرہ پلیٹ فارم، غیاث ڈیجیٹل ایمرجنسی سسٹم، اسمارٹ فزیشن اسسٹنٹ اور جدید تشخیصی ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
ان منصوبوں کے ذریعے بیماریوں کی بروقت نشاندہی، طبی فیصلوں میں تیزی اور ہنگامی صورتحال کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جائے گی۔
وزیر صحت احمد علی الصایغ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور مضبوط طبی منصوبہ بندی کے ذریعے عوام کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جائے گا۔





