اسلام آباد (جانب منزل نیوز) قدرتی وسائل سے معاشی خوشحالی تک کا سفر، پاکستان کے معدنی ذخائر ملکی معیشت کے لیے نئی امید بن گئے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معدنی شعبے کو ترقی کا نیا انجن قرار دے دیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کا معدنی شعبہ ملکی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا، قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ کرکے نہ صرف برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو بھی مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔
انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان معدنی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے اور یہ ذخائر ملکی معاشی مستقبل کو نئی سمت دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہونے اور ملکی ترقی کی رفتار تیز ہونے کی توقع ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کان کنی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے، شفافیت یقینی بنانے اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ معدنی دولت کو معاشی ترقی میں تبدیل کیا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے اعتراف کیا کہ سیلاب کے باعث ملکی معیشت کو نقصان پہنچا، تاہم عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف حوصلہ افزا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معدنی وسائل کی مؤثر ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پاکستان کی برآمدی صلاحیت بڑھانے اور معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔





