اسلام آباد (جانب منزل نیوز) مدارس عربیہ اور حکومت کے درمیان فاصلے کم ہونے لگے، رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کا معاملہ حل ہونے کا دعویٰ، طاہر محمود اشرفی نے حکومتی تعاون کو خوش آئند قرار دے دیا۔
مدارس کی رجسٹریشن اور مالیاتی معاملات میں درپیش مشکلات کے خاتمے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ متحدہ مدارس کونسل اور قومی امن کمیٹی کے ارکان نے حکومت پنجاب کے ذمہ داران سے ملاقات کی، جس میں مدارس کی رجسٹریشن، قانون سازی اور حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
طاہر محمود اشرفی نے بتایا کہ اسلام آباد میں مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کا مسئلہ حل ہو چکا ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے بھی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور مدارس کے درمیان رابطوں میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے اور مستقبل میں سہولیات کی فراہمی مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کو حکومتی کارروائی یا قبضے کے خدشات ظاہر کرکے خوفزدہ کرنے کی ضرورت نہیں، حکومت کا مدارس کو ختم کرنے یا ان کی خودمختاری متاثر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ مدارس کی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام فریق مل کر کام کریں گے۔
طاہر محمود اشرفی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے رفقا نے مدارس کے دیرینہ مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ ان کے بقول فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 26 سال پرانے مسئلے کے حل اور مدارس عربیہ کے بینک اکاؤنٹس کھلوانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 15 مدارس بورڈز میں سے 11 کے نمائندوں نے ملاقات میں شرکت کی۔ طاہر محمود اشرفی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل میں مدارس کو کسی قسم کی دشواری پیش آئی تو اسے حل کیا جائے گا۔





