اسلام آباد (جانب منزل نیوز) چاغی کے پہاڑوں میں چھپے معدنی خزانوں کی تلاش کے لیے عالمی کمپنیوں کی پیش قدمی، آئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز نے ہاتھ ملا لیا، پاکستان کے منرل سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے نئے امکانات روشن ہوگئے۔
پاکستان کے معدنی شعبے میں عالمی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر عالمی مائننگ اور سرمایہ کاری کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے پاکستان کے معدنی وسائل میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
فورم کے دوران سب سے اہم پیش رفت آئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز کے درمیان معاہدے کی صورت میں سامنے آئی، جس کے تحت بلوچستان کے ضلع چاغی میں سونے اور تانبے کے ذخائر کی تلاش کی جائے گی۔ دونوں کمپنیاں علاقے کے معدنی وسائل کی استعداد اور معاشی امکانات کا جائزہ لیں گی۔ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سے بیرک کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن اور کمپنی کی سینئر قیادت نے بھی ملاقات کی۔ جان تھورنٹن نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔
برطانیہ کی مائننگ اور انجینئرنگ کمپنی وئیر کے چیف ایگزیکٹو اینڈریو نیلسن نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات میں دلچسپی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی ریکوڈک کے ساتھ پاکستان کے دیگر معدنی منصوبوں میں بھی اپنی شمولیت بڑھانا چاہتی ہے۔
عالمی تجارتی کمپنی ٹریفگورا نے پاکستان کے زنک اور بیرائٹ منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی، جبکہ ایل پی جی، بانڈڈ اسٹوریج اور ریفائنری کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کا عندیہ دیا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم کی ترکیہ کی کمپنی چالک ہولڈنگ کے چیف ایگزیکٹو مصطفیٰ آکسوئے اور آئیون ہو مائنز کے وفد سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ آئیون ہو مائنز کے وفد کی قیادت رابرٹ فریڈلینڈ نے کی۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے جوڑنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ عالمی کمپنیوں کی دلچسپی پاکستان کے وسیع معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے بڑھتے امکانات کی عکاسی کرتی ہے۔
چاغی میں سونے اور تانبے کی تلاش کا نیا معاہدہ، ریکوڈک سمیت دیگر منصوبوں میں عالمی کمپنیوں کی دلچسپی اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات پاکستان کے معدنی شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہیں۔





