نئی دہلی ( جانب منزل نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور معروف بھارتی صحافی ندھی رازدان شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ دونوں نے سوشل میڈیا پر تصاویر اور پیغامات شیئر کرکے اپنی شادی کی خوشخبری مداحوں اور صارفین کے ساتھ شیئر کی۔
عمر عبداللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ندھی رازدان کے ہمراہ تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ روز زندگی کا ایک نیا سفر شروع ہوا، جبکہ ندھی رازدان نے بھی اپنے پیغام کے ذریعے شادی کی تصدیق کی۔
بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق دونوں کی شادی 30 اکتوبر کو نئی دہلی میں اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت انجام پائی، تقریب میں دونوں خاندانوں کے افراد نے بطور گواہ شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق یہ شادی عمر عبداللہ کی سابقہ اہلیہ پائل عبداللہ سے سپریم کورٹ کی جانب سے 31 جولائی 2026 کو باہمی رضامندی سے طلاق کی منظوری کے تقریباً تین ماہ بعد ہوئی ہے۔ عمر عبداللہ اور پائل عبداللہ کی شادی ستمبر 1994 میں ہوئی تھی اور دونوں کئی برس سے الگ رہ رہے تھے۔
ندھی رازدان کا شمار بھارت کی معروف صحافیوں میں ہوتا ہے۔ وہ بھارتی سیاست، خارجہ امور اور اہم قومی و بین الاقوامی معاملات پر رپورٹنگ کے حوالے سے پہچانی جاتی ہیں۔ وہ کتاب ’’لیفٹ، رائٹ اینڈ سینٹر: دی آئیڈیا آف انڈیا‘‘ کی مصنفہ بھی ہیں۔
عمر عبداللہ اور ندھی رازدان کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔





