ممبئی (جانب منزل نیوز) بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے آنجہانی فلمساز سنجے گپتا کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے فلم ’کانٹے 2‘ بنانے کا اعلان کر دیا۔
سنجے دت نے اپنے دیرینہ دوست سنجے گپتا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ان کے ساتھ یادگار تصاویر شیئر کیں۔ اداکار نے سنجے گپتا کو بھائی اور خاندان کا حصہ قرار دیا۔
سنجے دت کے مطابق دونوں حال ہی میں فلم ’کانٹے 2‘ کے حوالے سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ اپنے دوست کی یاد میں اس فلم کو مکمل کریں گے اور ان کے خواب کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
سنجے دت اور سنجے گپتا کی دوستی کا آغاز 1994 میں فلم ’آتش‘ سے ہوا۔ دونوں نے ’جنگ‘، ’خوف‘، ’کانٹے‘ اور ’مسافر‘ سمیت کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔
دونوں کے درمیان 2007 میں اختلافات پیدا ہوئے، تاہم 2012 میں امیتابھ بچن کی سالگرہ کے موقع پر ان کی دوبارہ ملاقات ہوئی اور دوستی بحال ہوگئی۔
سنجے گپتا فلم ’کانٹے 2‘ کی بنیادی کہانی تیار کر چکے تھے اور اس پر مزید کام کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ فلم کے لیے سنجے دت، ابھیشیک بچن، منوج باجپائی، جے دیپ اہلاوت، وجے ورما اور علی فضل سمیت کئی اداکاروں کے نام زیرِ غور تھے۔
2002 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کانٹے‘ نے بالی ووڈ میں اپنی منفرد کہانی اور اداکاری کے باعث نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔





