قاہرہ ( جانب منزل نیوز) مصر کی گورنریٹ الجیزہ میں ایک المناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے۔ حادثہ مزدوروں کو لے جانے والی منی بس اور بھاری مال بردار ٹرک کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا۔
مصر کی وزارت صحت و آبادی کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 14 افراد معمولی اور درمیانے درجے کے زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اکتوبر سینٹرل اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمبولینسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ٹریفک پولیس نے تباہ شدہ گاڑیوں کو سڑک سے ہٹانے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ قاہرہ کے مڈل رنگ روڈ پر پیش آیا، جو گریٹر قاہرہ کے مختلف شہروں اور رہائشی علاقوں کو اہم شاہراہوں سے ملاتا ہے۔
حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تفتیشی حکام انسانی غلطی، گاڑیوں میں تکنیکی خرابی اور دیگر ممکنہ عوامل کا جائزہ لے رہے ہیں۔





