بغداد (جانب منزل نیوز)عراق میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کا آغاز ہوگیا۔ سفیر پاکستان احمد امجد علی نے عراقی وزیر خارجہ کے ہمراہ افتتاح کیا۔
عراق کے دار الحکومت بغداد میں ہونے والی دوسری پاکستانی مصنوعات کی نمائش 15مارچ سے شروع ہوئی۔ نمائش میں پاکستان کے کئی بڑے ایکسپورٹرز اپنی مصنوعات کے ساتھ شرکت کررہے ہیں۔
عراق میں متعین پاکستانی سفیر احمد امجد علی اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ گزشتہ سال ہونے والی پہلی پاک عراق نمائش کی شاندار کامیابی اور مقبولیت کی وجہ سے ایک سال سے کم عرصہ میں ہونے والی یہ دوسری نمائش ہیجس میں ستر سے زیادہ پاکستانی ایکسپورٹرز شرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی اسی حوالے سے نمائش منعقد کی جائیں گی تاکہ پاکستان کے برآمدی حجم کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے اس نمائش میں شرکت کرنے والے تمام پاکستانی صنعتکاروں اور ایکسپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنی مصنوعات کامعیار اس قدر بلند رکھیں کہ خریدار ممالک اور اُن کے افراد اِن مصنوعات کے استعمال کے بعد آپ کے ملک کو اچھے نام سے یاد رکھ سکیں۔
انہوں نے پاکستانی ایکسپورٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی پراڈکٹس کے معیار پر اپنی بھر پور توجہ مرکوز رکھیں اور کبھی سمجھوتا نہ کریں۔عمدہ اور اعلی معیار کی پراڈکٹس سے نہ صرف آپ کا کاروبار ترقی کرے گا بلکہ اس سے وطن عزیز پاکستان میں زر مبادلہ کے ذخائرکو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ یہ نمائش عراق میں قائم سفارت خانہ پاکستان، عراقی وزارت خارجہ کی تعاون سے منعقد کی جارہی ہے اور یہ بیرون ملک ہونے والی پاکستانی نمائشوں میں دبئی کے بعد دوسری سب سے بڑی نمائش سمجھی جاتی ہے۔
پاکستان کے معروف صنعتکار اور ہیمانی گروپ کے چیئرمین مصطفی ہیمانی جو کہ پاکستان بزنس کونسل دبئی کے ڈائریکٹر بھی ہیں بھی نمائش میں شریک تھے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستانی مصنوعات نہ صرف مشرق وسطی بلکہ اب یورپ اور شمالی امریکا میں بھی انتہائی مقبول ہو رہی ہیں جس کی وجہ پاکستانی مصنوعات کا وہ معیار ہے جس کی بدولت پاکستان کو دیگر ممالک کی منڈیوں میں داخل ہونے کے مواقع مل رہے ہیں۔
نمائش میں شرکت کے لیے آنے والے کراچی کے معروف ایکسپورٹر اور واسا پراڈکٹس گروپ کے روح رواں اسد واسا نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ہماری مصنوعات کامعیار اس قدر بلند ہو کہ خریدار ممالک اور اُن کے افراد اِن مصنوعات کے استعمال کے بعدہماری مصنوعات اور ہمارے ملک کو اچھے نام سے یاد رکھ سکیں۔
یہ نمائش صرف پاکستانی ایکسپورٹرز کے لیے محدود ہے اور انہیں یہ بہت اچھا موقع فراہم کیا جارہا ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کو عراقی عوام کے لیے پیش کر سکیں لہذا پاکستانی ایکسپورٹرز کو اس موقع سے بھر پور فائدہ اُٹھانا چاہئیے۔ نمائش 19مارچ تک جاری رہے گی۔