راولپنڈی(جانب منزل نیوز) ڈی پی ورلڈ جو کہ لاجسٹک حل فراہم کرنے والا ایک معروف عالمی ادارہ ہے اور پاکستان کے نیشنل لاجسٹکس سیل نے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد تجارت اور لاجسٹک کے شعبے میں پاکستان کے اندر تعاون کے شعبوں کو تلاش کرنا ہے۔
ایم او یو پر راولپنڈی میں ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم اور این ایل سی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل فرخ شہزاد راؤ نے دستخط کیے۔
این ایل سی پاکستان کی صف اول کی ملٹی ماڈل لاجسٹکس کمپنی ہے،جو چار دہائیوں سے زائد عرصے سے سڑک، ریل، سمندر اور فضائی راستے سے اپنے صارفین کی خدمت کر رہی ہے۔ پاکستان بھر میں ڈرائی پورٹس، گودام کی سہولیات اور سرحدی ٹرمینلز کے نیٹ ورک سے اس کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈی پی ورلڈ نے 1997 میں پاکستان میں قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر کام شروع کیا جو ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا ٹرمینل ہے اور اس کے بعد سے اس نے اس سہولت کو خطے میں عالمی تجارت کے لیے ملک کے معروف گیٹ وے میں تبدیل کر دیا ہے۔
ایم او یو کے تحت ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی پاکستان کے لاجسٹکس سیکٹر میں تعاون کے ایسے شعبوں کو تلاش کریں گے جو دونوں کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے اور اپنے کاروبار کو بڑھانے کے قابل بنائیں گے۔
مفاہمت نامے میں زمینی اور سمندر کے کنارے پر وسیع علاقوں کا احاطہ کیا گیا ہے اور اس میں بندرگاہ کا بنیادی ڈھانچہ جیسے کنٹینر اور بلک ٹرمینلز، رول آن/رول آف خدمات، ڈرائی پورٹس، اندرون ملک کنٹینر ڈپو، ریل اور ٹرکنگ شامل ہیں۔
دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم نے کہا’پاکستان ایک بڑھتی ہوئی مارکیٹ ہے، اور وسطی ایشیا کے لیے ایک اہم تجارتی راہداری ہے۔ شراکت داری خطے کی تجارتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اہم ہے۔
این ایل سی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل فرخ شہزاد راؤ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او عزت مآب سلطان احمد بن سلیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب این ایل سی کے لیے خصوصی اہمیت کی حامل ہے، یہ ان دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے نئے سفر کا آغاز ہے۔ اس سے پاکستان میں کاروبار کی نئی راہیں کھلنے میں مدد ملے گی۔