ابوظہبی (جانب منزل نیوز)خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانی خواتین کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک رسائی اور خواندگی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا۔ عالمی یوم خواتین یہ خواتین کو بااختیار بنانے میں ہونے والی پیشرفت کا جشن منانے اور خواتین کے حقوق کے احترام کو مزید آگے بڑھانے کی کوششوں کو دوگنا کرنے کے اپنے اجتماعی عزم کی تصدیق کرنے کا موقع ہے۔
ابوظہبی میں مقیم زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خواتین نے تقریب میں شرکت کی۔ڈاکٹر اسماء ناہید معروف ماہر تعلیم و نفسیات اور پاکستان اور یو اے ای میں پرو بونو مینٹل ہیلتھ آرگنائزیشن ہوپ اینڈ لائٹ کی بانی کلیدی مقرر تھیں۔ ڈاکٹر ناہید نے حالیہ دور میں ہونے والی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستانی خواتین کے لیے تعلیم کی ضرورت پر زور دیا جس میں ٹیکنالوجی کی ترقی ایک اہم تبدیلی ہے۔
اس موقع پر خواتین کے لیے تعلیم کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر بھی بات ہوئی۔ شرکاء نے پاکستانی خواتین کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک رسائی اور تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سفیر پاکستان کی شریک حیات ہانیہ رئیس ترمذی نے کہا کہ اس ترقی یافتہ دور میں خواتین کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک رسائی، خواندگی اور تعلیم کے مواقع ایک ناگزیر عنصر بن چکے ہیں۔ بچوں کی بہتر اور جدید پرورش کے لیے تعلیم یافتہ مائیں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں اور ایک خواندہ قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہیں۔