آسٹریلوی (جانب منزل نیوز) آسٹریلوی کرکٹ کا بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ’سینڈ پیپر گیٹ‘ ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا۔ ماضی کے اس تنازع کی نئی بازگشت کے بعد سابق آسٹریلوی اوپنرز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کو عارضی طور پر کمنٹری کی ذمہ داریوں سے الگ کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی نشریاتی ادارے فوکس اسپورٹس نے دونوں سابق کرکٹرز کو آئندہ چند ہفتوں کے لیے اپنی کمنٹری ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فوکس اسپورٹس کے منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیو کراؤلی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث دونوں کمنٹیٹرز کو کچھ عرصے کے لیے نشریات سے وقفہ دیا جا رہا ہے۔ ادارہ اپنی کمنٹری ٹیم کی حمایت کرتا ہے، تاہم حالیہ تنازع کے باعث دونوں کھلاڑیوں کو مسلسل سوالات اور ردعمل کا سامنا ہے۔
تنازع کی تازہ لہر عثمان خواجہ کی خودنوشت کتاب ’صبر‘ میں کیے گئے انکشافات کے بعد سامنے آئی۔ خواجہ نے دعویٰ کیا کہ گیند کی حالت تبدیل کرنے کے منصوبے سے آگاہی صرف بینکرافٹ، اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر تک محدود نہیں تھی بلکہ ٹیم کے دیگر ارکان کو بھی اس کا علم ہوسکتا تھا۔
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری ٹیم کو سینڈ پیپر استعمال کرنے کے منصوبے کا علم ہونے کی بات بے بنیاد ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے بھی ان کی قیادت پر اعتماد برقرار رکھا ہے۔
یوں 2018 کا پرانا کرکٹ تنازع نئی کتاب کے انکشافات کے بعد ایک بار پھر آسٹریلوی کرکٹ میں بحث کا مرکز بن گیا ہے۔





