شارجہ (جانب منزل نیوز) ہنگامی حالات سے نمٹنے، آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے شارجہ سول ڈیفنس نے جدید ٹیکنالوجی، خصوصی آلات اور نئے حفاظتی نظام متعارف کرا دیے۔
شارجہ ریسرچ، ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن پارک میں منعقدہ شارجہ انوویشن ڈیز کے دوران سول ڈیفنس کی جانب سے جدید ریسکیو ٹیکنالوجیز کی نمائش کی گئی، جہاں شہریوں کو فائر فائٹنگ اور ہنگامی امدادی کارروائیوں میں استعمال ہونے والے آلات سے آگاہ کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل شارجہ سول ڈیفنس میجر جنرل یوسف عبید بن ہرمول الشمسی نے کہا کہ جدت کمیونٹی کے تحفظ، خطرات کی روک تھام اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ریسکیو اہلکاروں کی مہارت اور عملی تجربے کو یکجا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شارجہ سول ڈیفنس نے ایکسپو ال دھید میں انوویشن اور مصنوعی ذہانت سے متعلق نمائش میں بھی شرکت کی، جہاں جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کو اجاگر کیا گیا۔
جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور بہتر تیاری کے ذریعے شارجہ میں فائر سیفٹی، ریسکیو سروسز اور ایمرجنسی رسپانس کو مزید مؤثر بنانے کی کوششیں جاری ہیں، تاکہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔





