سعودی عرب (جانب منزل نیوز) سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی ایئرلائنز نے مسافروں کی مذہبی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے ایک منفرد سہولت متعارف کرائی ہے۔ اب مسافر ہزاروں فٹ کی بلندی پر دورانِ پرواز بھی باقاعدہ مخصوص جگہ پر نماز ادا کرسکتے ہیں۔
سعودی ایئرلائنز کے بوئنگ 787-10 طیارے میں نماز کے لیے خصوصی جگہ مختص کی گئی ہے، جسے پردوں کی مدد سے الگ کیا جاسکتا ہے۔ اس نماز گاہ میں جائے نماز اور قبلے کی سمت معلوم کرنے کے لیے قبلہ نما بھی نصب ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق اس خصوصی نماز گاہ کے لیے طیارے میں تقریباً 9 نشستوں کے برابر جگہ مختص کی گئی ہے۔
فضائی سفر میں عبادت کی یہ سہولت سعودی ایئرلائنز کا ایک منفرد انتظام ہے، جو مسافروں کے لیے سفر کے دوران مذہبی فرائض کی ادائیگی کو مزید آسان بناتا ہے۔





