دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں انسانیت کی خدمت اور معاشرتی بھلائی کے لیے کام کرنے والے گمنام ہیروز کی حوصلہ افزائی کا منفرد اقدام غیر معمولی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ دبئی کے ساتویں عرب ہوپ میکرز ایوارڈ کے لیے محض تین ہفتوں میں 21 ہزار سے زائد نامزدگیاں اور درخواستیں موصول ہو گئی ہیں، جبکہ کامیاب امیدوار کے لیے 10 لاکھ درہم کا انعام رکھا گیا ہے۔
یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے گزشتہ ماہ شروع کیا تھا، جس کا مقصد عرب دنیا میں انسانیت کی خدمت، فلاحی سرگرمیوں اور معاشرتی ترقی کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے والے افراد اور اداروں کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔
محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشی ایٹوز کے سیکریٹری جنرل محمد القرقاوی کا کہنا ہے کہ عرب دنیا کے ہر گاؤں اور شہر میں ایسے نوجوان موجود ہیں جن کی مثبت سوچ اور توانائی اپنے معاشرے کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہوپ میکرز اقدام کا مقصد امید، مثبت سوچ اور باہمی تعاون کے ذریعے دیرپا تبدیلی لانا ہے۔
ایوارڈ کے لیے انفرادی شخصیات، رضاکار گروپس اور غیر منافع بخش تنظیمیں درخواست دے سکتی ہیں۔ ایسے منصوبے بھی مقابلے میں شامل ہو سکتے ہیں جو ضرورت مندوں کی مدد، مشکلات کے شکار طبقات کی معاونت، تعلیم، صحت، سماجی و معاشی ترقی یا قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی میں کردار ادا کر رہے ہوں۔
منتخب امیدوار کو ایک ملین درہم کی انعامی رقم دی جائے گی تاکہ وہ اپنے فلاحی منصوبے کو مزید وسعت دے سکے۔ درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہے کہ ان کے منصوبے میں جدت، پائیداری اور معاشرے پر مثبت اثرات کے قابلِ تصدیق شواہد موجود ہوں۔
واضح رہے کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم نے 2017 میں ہوپ میکرز اقدام کا آغاز کیا تھا، جس کا بنیادی مقصد معاشرے کے ان خاموش خدمت گاروں کو پہچان دینا ہے جو اپنی صلاحیتیں اور وسائل دوسروں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے وقف کیے ہوئے ہیں۔





