ممبئی (جانب منزل نیوز) بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کا اپنے بڑے بیٹے آرین خان کے حوالے سے دیا گیا ایک پرانا دلچسپ بیان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے۔ کنگ خان نے ماضی میں کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں ان کا بیٹا ایک ایسا نوجوان بنے جس کی شرارتوں کی شکایتیں لوگ ان تک پہنچائیں۔
معروف ٹی وی شو ’رینڈیزووس ود سمی گریوال‘ میں اہلیہ گوری خان کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے مذاحیہ انداز میں کہا تھا کہ وہ آرین کو مکمل طور پر بگڑا ہوا نوجوان اور پلے بوائے بنانا چاہتے ہیں، حتیٰ کہ اگر وہ بہت اچھا بچہ بن گیا تو اسے گھر سے نکال دیں گے۔
شاہ رخ خان نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آرین کے لمبے بال ہوں، کانوں میں اسٹڈز پہنے، ہارلے ڈیوڈسن کی جیکٹ استعمال کرے اور اپنی الگ اسٹائلش شخصیت بنائے۔ انہوں نے یہ بھی مذاق کیا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ آرین لڑکیوں کے پیچھے بھاگے اور لوگ روزانہ اس کی شکایات لے کر آئیں۔
میزبان سمی گریوال نے جب پوچھا کہ کیا آرین بھی والد کی طرح اداکاری کے میدان میں قدم رکھیں گے تو شاہ رخ خان نے جواب دیا تھا کہ ہاں، اسے بھی یہ کام کرنا پڑے گا۔





