لاہور (جانب منزل نیوز) کسان اتحاد کے صدر خالد حسین باٹھ نے ملک بھر میں شوگر ملیں نہ چلنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرشنگ سیزن میں تاخیر سے کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ شوگر مل مالکان حکومتی احکامات کو بھی نظرانداز کر رہے ہیں۔
خالد حسین باٹھ کے مطابق ملک میں کرشنگ سیزن یکم نومبر سے شروع ہونا تھا، تاہم مل مالکان نے وقت کی کمی کا جواز بنا کر ملیں نہیں چلائیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے 15 نومبر سے کرشنگ شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود ایک دو ملوں کے سوا بیشتر شوگر ملیں تاحال بند ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب حکومت نے کرشنگ شروع کرنے کی واضح تاریخ مقرر کر دی ہے تو شوگر ملیں بند کیوں ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ مل مالکان خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، جبکہ کرشنگ میں تاخیر کا براہ راست خمیازہ کسانوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
کسان اتحاد کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف اور پنجاب و سندھ حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بھی شوگر ملیں تاحال نہیں چلائی گئیں، حالانکہ وہاں گنے کی کرشنگ پنجاب کے مقابلے میں تقریباً 15 روز پہلے شروع ہوتی ہے۔
خالد حسین باٹھ نے گنے کی خریداری میں مبینہ امتیازی سلوک کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ شوگر مل مالکان صرف چار اقسام کا گنا خریدنے کا اعلان کرتے ہیں، جبکہ محکمہ زراعت کی منظور شدہ دیگر 10 سے 12 اقسام کی خریداری سے انکار یا کٹوتی کی بات کی جاتی ہے۔ انہوں نے تمام منظور شدہ اقسام کی بلاامتیاز خریداری یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے حکومت سے گنے کی امدادی قیمت کا فوری اعلان کرنے اور کسانوں کو شوگر ملوں کی من مانی شرائط سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
ڈی اے پی کھاد کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خالد حسین باٹھ نے کہا کہ ان کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ڈی اے پی کی حب قیمت 11 ہزار 223 روپے جبکہ پاکستان میں یہی کھاد 17 ہزار 50 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جس سے گندم کی کاشت کے اخراجات بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ ملک میں موجود وافر چینی کسانوں کے بقایا جات کے عوض انہیں فراہم کی جائے تاکہ کسان چینی فروخت کرکے ڈی اے پی کھاد خرید سکیں اور گندم کی بروقت کاشت کر سکیں۔





