ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات عالمی کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا مرکز بننے کی ایک اور شاندار مثال پیش کرنے جا رہا ہے۔ ابوظبی 3 سے 6 دسمبر 2026 تک 18ویں فارمولا ون اتحاد ایئرویز گرینڈ پرکس کی میزبانی کرے گا، جہاں دنیا بھر کے ریسنگ شائقین اور موسیقی کے دلدادہ افراد جمع ہوں گے۔
یاس آئی لینڈ کے یاس مرینا سرکٹ میں چار روزہ ایونٹ کے دوران فارمولا ون سیزن کا آخری مقابلہ ہوگا، جبکہ فارمولا ٹو اور AZM GT ریسنگ بھی ایونٹ کا حصہ ہوں گی۔
رنگا رنگ تقریبات کو مزید یادگار بنانے کے لیے 12 بین الاقوامی فنکار مختلف مقامات پر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، جبکہ ریس کے بعد خصوصی میوزک کنسرٹس بھی منعقد ہوں گے۔
ایونٹ کی ایک نمایاں خصوصیت پیڈاک کلب کی توسیع ہے، جس کے بعد مہمانوں کی گنجائش 12 ہزار 200 تک پہنچ جائے گی۔ یہ سہولت فارمولا ون کیلنڈر کا سب سے بڑا پیڈاک کلب بننے جا رہی ہے۔





