ریاض (جانب منزل نیوز) سعودی عرب نے عالمی سرمایہ کاری کے اہم ترین ایونٹس میں شمار ہونے والی فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو (FII10) کانفرنس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا۔ دسواں عالمی ایڈیشن 25 سے 28 اکتوبر 2027 تک ریاض میں منعقد ہوگا۔ کانفرنس پہلے اکتوبر 2026 میں شیڈول تھی، تاہم اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو انسٹی ٹیوٹ کے مطابق کانفرنس میں دنیا بھر سے سرکردہ رہنما، عالمی سرمایہ کار، کاروباری شخصیات اور پالیسی ساز شرکت کریں گے، جہاں عالمی سرمایہ کاری کے نئے امکانات، معاشی ترجیحات اور مستقبل کی اسٹریٹجک شراکت داریوں پر غور کیا جائے گا۔
اس سال کانفرنس کا مرکزی موضوع "The Power of Legacy” ہوگا، جس کے تحت گزشتہ دس برس کی عالمی سرمایہ کاری، بین الاقوامی تعاون اور معاشی اثرات کا جائزہ لینے کے ساتھ آئندہ دہائی کے مواقع اور چیلنجز پر بھی گفتگو ہوگی۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو انسٹی ٹیوٹ کی سی ای او شہزادی ڈاکٹر مہا بنت مشاری بن عبدالعزیز آل سعود کا کہنا ہے کہ نئی تاریخوں کا تعین عالمی سطح پر زیادہ سے زیادہ شرکت، کانفرنس کی نمایاں حیثیت اور مؤثر نتائج کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
کانفرنس خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں منعقد ہوگی۔ اس عالمی اجتماع سے قبل مارچ 2027 میں میامی میں FII PRIORITY سمٹ بھی منعقد کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ ایشیا میں بھی ایک بین الاقوامی سمٹ کا انعقاد متوقع ہے۔





