فلوریڈا (جانب منزل نیوز) امریکا کے تاریخی اور مشہور بحری جہاز ایس ایس یونائیٹڈ اسٹیٹس کو ایک منفرد ماحولیاتی اور سیاحتی منصوبے کے تحت فلوریڈا کے ساحل کے قریب خلیج میکسیکو میں سمندر برد کر دیا گیا۔ جہاز کو دنیا کا سب سے بڑا مصنوعی سمندری ریف بنانے کے لیے ڈبویا گیا ہے، جہاں مستقبل میں سمندری حیات کو نئی آماجگاہ اور غوطہ خوری کے شوقین افراد کو ایک منفرد مقام میسر آئے گا۔
تقریباً 302 میٹر طویل یہ جہاز 11 نومبر 2026 کو فلوریڈا کے علاقے ڈیسٹن کے قریب سمندر کی تہہ میں اتارا گیا۔ منصوبے کا مقصد سمندری ماحول کو فروغ دینے کے ساتھ زیرِ آب سیاحت اور ماہی گیری کے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔
ایس ایس یونائیٹڈ اسٹیٹس 1952 میں سمندر میں اتارا گیا تھا اور اپنے پہلے ہی سفر میں بحرِ اوقیانوس عبور کرنے کا رفتار کا ریکارڈ قائم کر کے عالمی شہرت حاصل کر گیا۔ اپنے 17 سالہ فعال دور میں اس نے بحرِ اوقیانوس کے 800 سے زائد سفر مکمل کیے۔
یہ جہاز محض ایک بحری سواری نہیں بلکہ امریکی تاریخ کا ایک یادگار باب بھی رہا۔ اس پر معروف اداکار مارلن برانڈو، کیری گرانٹ، جوڈی گارلینڈ، والٹ ڈزنی سمیت سابق امریکی صدور ہیری ٹرومین، ڈوائٹ آئزن ہاور اور جان ایف کینیڈی بھی سفر کر چکے ہیں۔
1969 میں سروس سے ریٹائر ہونے کے بعد جہاز کو محفوظ رکھنے اور میوزیم میں تبدیل کرنے کی متعدد تجاویز سامنے آئیں، تاہم کوئی منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔ بالآخر اوکالوسا کاؤنٹی نے 2024 میں تقریباً 10 لاکھ ڈالر میں جہاز خرید لیا، جبکہ اسے مصنوعی ریف میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر مجموعی لاگت کا تخمینہ تقریباً ایک کروڑ 35 لاکھ ڈالر لگایا گیا۔
سمندر برد کرنے سے قبل جہاز سے ایندھن، مضرِ صحت مواد اور دیگر غیر ضروری اشیا نکال دی گئیں، جبکہ پانی کے اندر محفوظ طریقے سے جانے کے لیے مخصوص راستے بھی تیار کیے گئے۔ جہاز کو دھماکے سے نہیں بلکہ منصوبہ بندی کے تحت سمندر میں اتارا گیا۔
ماہرین کو توقع ہے کہ وقت کے ساتھ یہ جہاز ٹونا، مارلن اور سوورڈ فش سمیت مختلف سمندری جانداروں کے لیے نئی پناہ گاہ بن جائے گا۔ یوں کبھی سمندروں پر حکمرانی کرنے والا یہ تاریخی جہاز اب زیرِ آب زندگی، ماحول دوست سیاحت اور سمندری تحقیق کے ایک نئے مرکز کی صورت اختیار کرے گا۔





