ممبئی (جانب منزل نیوز) بالی ووڈ کی خوبصورت جوڑی کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا نے معروف شو کافی ود کرن سیزن 9 میں پہلی بار ایک ساتھ شرکت کرکے اپنی محبت کی داستان سنا دی۔ دونوں نے پہلی ملاقات، رشتے میں آنے والی مشکلات، مختصر بریک اپ اور شادی تک کے سفر پر کھل کر گفتگو کی۔
میزبان کرن جوہر نے بھی دونوں کو ملوانے کا کریڈٹ خود لیتے ہوئے بتایا کہ ان کی قربت میں ان کا بھی کردار رہا۔ کیارا اور سدھارتھ کی پہلی باقاعدہ ملاقات ایک پارٹی میں ہوئی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر پیغامات کے تبادلے سے بات آگے بڑھی۔
کیارا نے انکشاف کیا کہ ایک موقع پر انہوں نے سدھارتھ کو واضح الفاظ میں کہا تھا کہ کبھی بہت قریب اور کبھی دور رہنے والا رویہ انہیں سمجھ نہیں آتا، وہ رشتے میں مکمل وابستگی چاہتی ہیں۔ دوسری جانب سدھارتھ اس وقت اپنے کیریئر پر توجہ دینا چاہتے تھے۔
فلم شیرشاہ کی شوٹنگ کے دوران دونوں کے درمیان قربت بڑھی اور کارگل میں قیام کے دوران مسلسل 30 روز تک رابطہ برقرار رہا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شادی سے پہلے دونوں کے درمیان مختصر علیحدگی بھی ہوئی، تاہم سدھارتھ پھول لے کر کیارا کے پاس پہنچے تو محبت کا سفر دوبارہ شروع ہوگیا۔
کرن جوہر کے مطابق دوبارہ قربت کے بعد جون میں شادی کی پیشکش کی گئی اور اگلے سال فروری میں دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
شو میں سدھارتھ کی فلم دی وان کی کامیابی بھی زیر بحث آئی، جس نے عالمی باکس آفس پر 91.49 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا۔ سدھارتھ نے کہا کہ ناظرین اپنی ثقافت اور روایات سے جڑی کہانیوں کو پسند کررہے ہیں۔





