ابوظہبی (جانب منزل نیوز) بچوں کے محفوظ مستقبل اور خوشحال بچپن کو یقینی بنانے کے لیے ابوظہبی میں ایک مثالی اقدام، ارلی چائلڈ ہڈ اتھارٹی نے ’’بچوں کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے‘‘ کے عنوان سے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔
مہم کے تحت معاشرے کے ہر فرد کو بچوں کے ساتھ بدسلوکی، تشدد اور غفلت کی علامات پہچاننے اور بروقت متعلقہ حکام کو اطلاع دینے کی ترغیب دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ابوظہبی کے چائلڈ پروٹیکشن سسٹم ’’داما الامان‘‘ کو فعال کردار کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے، جس میں 21 مقامی اور وفاقی ادارے شامل ہیں۔
حکام کے مطابق اب تک بچوں کے تحفظ کے 400 سے زائد ماہرین کو خصوصی تربیت دی جا چکی ہے، جبکہ اسکولوں، اسپتالوں اور سماجی خدمات سے وابستہ عملے کو بھی بچوں کی حفاظت اور ممکنہ خطرات کی نشاندہی کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی ہے۔
ابوظہبی پولیس اور فیملی پراسیکیوشن سمیت مختلف اداروں نے واضح کیا ہے کہ بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا صرف والدین نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اسکولوں، کمیونٹی مجالس، روایتی میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ کیا جائے گا، جبکہ طبی مراکز میں بچوں کے تحفظ کے خصوصی یونٹس بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔





