دبئی (جانب منزل نیوز) جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سوریا کی نئی فلم ’سین‘ نے باکس آفس پر کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ریلیز کے ابتدائی 3 روز میں دنیا بھر سے 145 کروڑ بھارتی روپے (1.45 ارب روپے) کا بزنس کرلیا۔
6 نومبر کو دیوالی سے قبل سینما گھروں کی زینت بننے والی اس فلم میں سوریا کے ساتھ نازریہ ناظم اور ناصلین نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری جیتھو مادھاون نے کی ہے۔
فلم کے پروڈکشن ہاؤس نے 9 نومبر کو سوشل میڈیا پر خصوصی پوسٹر جاری کرتے ہوئے دنیا بھر میں 145 کروڑ روپے کی کمائی کا اعلان کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ سوریا نے 2026 میں مسلسل تیسری باکس آفس کامیابی حاصل کرلی۔ اس سے قبل ان کی فلمیں ’کروپو‘ اور ’وشواناتھ اینڈ سنز‘ بھی شائقین کی توجہ حاصل کرچکی ہیں۔
فلم کی شاندار کامیابی پر سوریا اور ان کی اہلیہ جیوتیکا نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ سوریا نے انسٹاگرام پر مشترکہ پوسٹ کے ذریعے کہا کہ مختلف زبانوں اور سرحدوں سے بالاتر ہوکر ملنے والی محبت اور پذیرائی ان کے لیے بے حد اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے سینما گھروں میں آکر فلم دیکھنے اور پوری ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے والے شائقین سے اظہارِ تشکر بھی کیا۔
فلم میں سوریا نے انبرا راج نامی پولیس افسر کا کردار ادا کیا ہے، جس کی جیل میں آمد کے بعد غیر متوقع واقعات کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ ماضی کا ایک راز سامنے آنے پر وہ ایک پیچیدہ تحقیقات میں الجھ جاتا ہے۔
فلم میں ایکشن، کامیڈی اور کرائم کے دلچسپ امتزاج کو پیش کیا گیا ہے۔ نازریہ ناظم نے 12 سال بعد تامل فلم انڈسٹری میں واپسی کی ہے، جبکہ ناصلین نے بھی اس فلم کے ذریعے تامل سینما میں قدم رکھا ہے۔
فلم کی موسیقی سوشین شیام نے ترتیب دی ہے جبکہ اسے سوریا اور جیوتیکا کے پروڈکشن ہاؤس 2D انٹرٹینمنٹ نے ژاگارم اسٹوڈیوز کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔





