ابوظہبی (جانب منزل نیوز ) متحدہ عرب امارات نے ترقی کے سفر میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جہاں 4 ہزار ارب درہم سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبے زیرِ تکمیل ہیں۔ اماراتی وزیر برائے کابینہ امور محمد بن عبداللہ القرقاوی نے واضح کیا ہے کہ ملک اپنی ترقی کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے منصوبوں پر عمل درآمد مزید تیز کرے گا۔
متحدہ عرب امارات کے سالانہ حکومتی اجلاس 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد بن عبداللہ القرقاوی نے کہا کہ امارات اپنی کامیابیوں پر اکتفا نہیں کرتا بلکہ ہر مرحلے پر کوششوں کو دگنا اور ترقیاتی اہداف کے حصول کی رفتار تیز کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی امارات کی پیش رفت کو ایک سال کے لیے سست کرنے کی کوشش کرے تو ملک 20 سال آگے بڑھنے کی جدوجہد کرتا ہے۔ ان کے مطابق 4 ہزار ارب درہم سے زائد مالیت کے زیرِ تکمیل منصوبے اماراتی معیشت کی مضبوطی اور مسلسل ترقی کے سفر کا واضح ثبوت ہیں۔
محمد بن عبداللہ القرقاوی نے حکومتی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا، معیشت کو مزید مستحکم کرنا، فیصلوں میں تیزی لانا اور عوامی خدمات کا معیار بہتر بنانا حکومت کے بنیادی اہداف میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط معاشرہ، مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والی معیشت، بروقت فیصلے اور بہترین عوامی خدمات ہی مستقبل کی کامیابی کی بنیاد ہیں۔
وزیرِ کابینہ امور نے اپنے خطاب کے اختتام پر قیادت اور حکومتی ذمہ داریوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انسان اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ ترقی کرتا ہے، اسی طرح حکومتیں بھی قوم، معاشرے اور آنے والی نسلوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں ادا کرکے آگے بڑھتی ہیں۔





