دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی نے لگژری رہائش کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے کی تیاری کرلی، معروف اطالوی لگژری کار برانڈ مسیراتی (Maserati) اور سامانا ڈیولپرز کے پریمیم رئیل اسٹیٹ برانڈ سامانا کلیکٹا (SAMANA COLLECTA) نے دنیا کی پہلی مسیراتی برانڈڈ رہائشی منزل ’’مسیراتی آئی لینڈ‘‘ متعارف کرا دی۔
دبئی کے مشہور دی ورلڈ آئی لینڈز میں تعمیر ہونے والا یہ منفرد منصوبہ اطالوی نفاست، شاندار طرزِ تعمیر اور جدید آسائشوں کا ایسا امتزاج ہوگا، جہاں سمندر کے دلکش نظاروں کے ساتھ عالمی معیار کی رہائشی سہولیات میسر آئیں گی۔
منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 840 برانڈڈ رہائشی یونٹس، سات خصوصی واٹر ولاز اور سرسبز ماحول میں دو ٹری ولاز تعمیر کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 232 رہائشی یونٹس پیش کیے جائیں گے، جن میں اسٹوڈیو سمیت ایک، دو، تین اور چار بیڈ روم کے اپارٹمنٹس شامل ہیں۔ ہر رہائش گاہ میں نجی سوئمنگ پول اور سمندر کے دلکش نظاروں کا خصوصی اہتمام ہوگا۔
مسیراتی کی عالمی شہرت یافتہ ڈیزائن شناخت کو رہائشی منصوبے میں بھی نمایاں کیا جائے گا۔ اپارٹمنٹس اور مشترکہ مقامات کی تزئین میں اطالوی برانڈ جیورجیٹی کے ساتھ تیار کردہ خصوصی فرنیچر کلیکشن استعمال ہوگا، جبکہ نفیس لکڑی، اعلیٰ معیار کے چمڑے اور جدید ڈیزائن رہائش کو ایک منفرد پہچان دیں گے۔
جزیرے پر نجی ساحل، مرکزی لیگون، سوئمنگ پولز، لگژری اسپاز، جدید فٹنس سینٹرز، واٹر اسپورٹس مرینا اور بیچ کلب بھی قائم کیے جائیں گے۔ کھانے کے شوقین افراد کے لیے مختلف ریسٹورنٹس کے ساتھ ایک منفرد تیرتا ہوا اطالوی ریسٹورنٹ بھی منصوبے کا حصہ ہوگا۔
رہائشیوں کے لیے کاروباری اور روزمرہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید کو ورکنگ لاؤنجز، تیز رفتار انٹرنیٹ، منتخب ریٹیل سہولیات اور خصوصی دربان خدمات فراہم کی جائیں گی۔ جزیرے اور دبئی کے مرکزی علاقے کے درمیان لگژری یاٹ شٹل سروس بھی دستیاب ہوگی، جو سفر کو بھی ایک یادگار سمندری تجربے میں بدل دے گی۔
سامانا ڈیولپرز کے چیف ایگزیکٹو عمران فاروق کے مطابق مسیراتی کے ساتھ اشتراک دبئی کی لگژری رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ مسیراتی کے چیف ایگزیکٹو سانتو فیکیلی نے بھی اس منصوبے کو اطالوی لگژری، خوبصورتی اور نفیس طرزِ زندگی کو رہائشی دنیا میں متعارف کرانے کی اہم پیش رفت قرار دیا۔





