دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کی معروف رئیل اسٹیٹ کمپنی ایمار پراپرٹیز نے ایمار ڈیولپمنٹ کے باقی ماندہ حصص خریدنے کے لیے اہم پیشکش متعارف کرا دی۔ شیئر ہولڈرز کو اپنے حصص فی شیئر 15 درہم کے عوض فروخت کرنے کے لیے 10 دسمبر 2026 تک مہلت دے دی گئی۔
حصص کی خریداری کی پیشکش 6 نومبر سے شروع ہو چکی ہے، جو 10 دسمبر کو متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے ختم ہوگی، تاہم ضرورت پڑنے پر اس مدت میں مزید 14 دن کی توسیع ممکن ہے۔
ایمار پراپرٹیز اس وقت ایمار ڈیولپمنٹ کے 80.1613 فیصد حصص کی براہِ راست اور بالواسطہ مالک ہے۔ کمپنی کا ارادہ ہے کہ اگر اس کی مجموعی ملکیت 90 فیصد سے بڑھ کر ایک اضافی شیئر تک پہنچ گئی تو باقی ماندہ حصص بھی لازمی طور پر خرید لیے جائیں گے۔
فی شیئر 15 درہم کی پیشکش ایمار ڈیولپمنٹ کے 2 نومبر کے اختتامی حصص نرخ سے 19.4 فیصد زیادہ ہے، جبکہ گزشتہ ایک ماہ اور تین ماہ کی اوسط قیمت کے مقابلے میں بھی بالترتیب 18.6 اور 15.7 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی کے مطابق اگر مقررہ حد پوری ہوگئی تو پیشکش قبول نہ کرنے والے شیئر ہولڈرز کو بھی اسی قیمت اور شرائط پر ادائیگی کی جائے گی۔ دوسری جانب پیشکش قبول کرنے کے بعد درخواست واپس لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حصص کی خریداری کا عمل مکمل ہونے اور تمام شرائط پوری ہونے کے بعد سرمایہ کاروں کو تین کاروباری دنوں کے اندر ادائیگی متوقع ہے۔ یہ پیش رفت دبئی کی رئیل اسٹیٹ اور مالیاتی مارکیٹ میں اہم کاروباری تبدیلی قرار دی جا رہی ہے۔





