اسلام آباد (جانب منزل نیوز) نوجوانوں کو معاشی خودمختاری کی جانب گامزن کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے بڑا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم یوتھ بزنس لون اور یوتھ ایگریکلچر لون سکیم کے تحت قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نوجوانوں کے لیے کاروبار اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔ نئی سہولت کے تحت قرضے آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے، جبکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مجموعی قرضوں کا 30 فیصد حصہ ان کے لیے مختص کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوجوانوں کے لیے ایک اور اہم تبدیلی کرتے ہوئے قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر بھی 21 سال سے کم کرکے 18 سال کردی گئی ہے، جس سے اب نوجوان عمر کے ابتدائی حصے میں ہی اپنے کاروباری خوابوں کو عملی شکل دے سکیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو مجموعی طور پر 313 ارب 90 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں، جو گزشتہ 10 سال کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ ہیں۔
مالی سال 2026-27 میں مزید 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوانوں کو 292 ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے کا تخمینہ ہے۔ وزیراعظم نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز سے لے کر رہنمائی، مشاورت اور تکنیکی معاونت تک ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں بااختیار بنانا اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سکیم سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔





