مظفرگڑھ (جانب منزل نیوز) صحرائے تھل ایک بار پھر طاقتور انجنوں کی گرج، گردوغبار کے بادلوں اور رفتار کے سنسنی خیز مقابلوں سے گونج اٹھا۔ مظفرگڑھ میں 11ویں چار روزہ تھل جیپ ریلی کا فائنل راؤنڈ اختتام پذیر ہوگیا، جہاں میر نادر مگسی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلطانِ تھل کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
پری پیئرڈ کیٹیگری میں 37 مرد اور 2 خواتین سمیت مجموعی طور پر 39 ریسرز نے 200 کلومیٹر طویل صحرائی ٹریک پر اپنی مہارت اور ڈرائیونگ کا مظاہرہ کیا۔ مقابلے کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث کئی نامور ریسرز ریس مکمل نہ کرسکے، جبکہ فیصل شادی خیل کی گاڑی بھی حادثے کا شکار ہوگئی۔
میر نادر مگسی نے 2 گھنٹے 11 منٹ 53 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ محمد علی مگسی دوسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کیٹیگری میں دینا پٹیل نے ایک گھنٹہ 18 منٹ میں مقررہ فاصلہ مکمل کرکے کامیابی حاصل کی۔
جیپ ریلی دیکھنے کے لیے سیاحوں اور فیملیز کی بڑی تعداد صحرائے تھل پہنچی۔ ایونٹ میں جیپ ریس کے ساتھ سرائیکی ثقافتی رقص، ڈرٹ بائیک، بگھی دوڑ اور نیزہ بازی کے مقابلوں نے بھی شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ یوں تھل کی ریت پر رفتار، مہارت اور ثقافت کا رنگا رنگ میلہ یادگار مقابلوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔





