دبئی ( جانب منزل نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے آئی پی ایل 2027 کی نیلامی میں برطانوی کھلاڑی کی حیثیت سے شرکت کرنے کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
34 سالہ محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آئی پی ایل میں شرکت سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔ ان کی یہ وضاحت ان اطلاعات کے بعد سامنے آئی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ آئندہ آئی پی ایل نیلامی کے لیے اپنا نام رجسٹر کرانے والے ہیں۔
محمد عامر برطانوی شہریت حاصل کر چکے ہیں اور انہوں نے 3 نومبر کو دبئی میں ہونے والے افغانستان پریمیئر لیگ ڈرافٹ کے لیے برطانوی کھلاڑی کی حیثیت سے رجسٹریشن کرائی ہے۔ انہیں پلاٹینم کیٹیگری میں رکھا گیا ہے، جبکہ پاکستان کو ان کا ملکِ رہائش ظاہر کیا گیا ہے۔
ان کی برطانوی شہریت کے باعث آئی پی ایل میں شرکت کے امکانات پر بحث شروع ہوئی تھی۔ سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود بھی ماضی میں برطانوی حیثیت کے تحت آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹرز نے 2008 میں آئی پی ایل کے افتتاحی سیزن کے بعد اس لیگ میں شرکت نہیں کی۔





