لاس اینجلس (جانب منزل نیوز) ہالی ووڈ کے معروف فلم ڈائریکٹر مائیکل مین لاس اینجلس میں فائرنگ رینج پر حادثاتی طور پر اسلحہ چلنے سے زخمی ہوگئے، تاہم انہیں معمولی چوٹ آئی ہے اور طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کیا جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 83 سالہ مائیکل مین ہفتے کے روز پیش آنے والے حادثے کے بعد اسپتال منتقل کیے گئے۔ ان کے نمائندے نے بتایا کہ اسلحہ ہولسٹر میں موجود تھا کہ اچانک چل گیا، جس کے نتیجے میں انہیں سطحی نوعیت کی چوٹ پہنچی۔
واقعہ لاس اینجلس کی ایک باقاعدہ اور منظور شدہ فائرنگ رینج میں پیش آیا۔ مائیکل مین کئی دہائیوں سے ٹارگٹ شوٹنگ کا تجربہ رکھتے ہیں۔
مائیکل مین ہالی ووڈ کی معروف فلموں ’ہیٹ‘، ’کولیٹرل‘ اور ’تھیف‘ کے ہدایت کار ہیں۔ ان کی حالیہ فلم ’فیراری‘ میں اداکار ایڈم ڈرائیور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
معروف فلمساز مائیکل مین ان دنوں فلم ’ہیٹ‘ کے سیکوئل کی تیاری میں مصروف ہیں، جس کی شوٹنگ آئندہ سال کے آغاز میں شروع ہونے کی توقع ہے۔





