اسلام آباد (جانب منزل نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) اسلام آباد نے مبینہ طور پر واٹس ایپ گروپس کے ذریعے شہریوں کو جعلی ویزا اور ایئر ٹکٹ کی خدمات پیش کر کے انہیں دھوکا دہی کا نشانہ بنا نے والے 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے کے حکام کے مطابق ملزمان جعلی ٹریول ایجنسی کی آڑ میں مالی فراڈ کا نیٹ ورک چلا رہے تھے اور واٹس ایپ پر ویزا اور ایئر ٹکٹ کی خدمات کی تشہیر کر کے شہریوں کو اپنی طرف راغب کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملزمان ویزا اور فضائی ٹکٹ کے خواہشمند شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے، لیکن انہیں اصل خدمات فراہم کرنے کے بجائے مبینہ طور پر جعلی سفری دستاویزات تھما دیتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان ممکنہ گاہکوں سے رابطہ کرنے اور انہیں سفری خدمات کے عوض رقم منتقل کرنے پر قائل کرنے کے لیے واٹس ایپ گروپس کا استعمال کرتے تھے۔این سی سی آئی اے اسلام آباد نے چار ملزمان کو گرفتار کر کے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 اورپاکستان پینل کوڈکی متعلقہ دفعات کے تحت دو ایف آئی آرز درج کی ہیں۔فراڈ کی وسعت کا تعین کرنے اور اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔





