دبئی (جانب منزل نیوز) فٹبال کی دنیا کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر اپنی عالمی مقبولیت کا لوہا منوا لیا۔ مداحوں کی ووٹنگ میں پرتگالی اسٹار نے ارجنٹائن کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بیلن ڈی اور آف آل ٹائم (B.O.A.T.) کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ رونالڈو نے اس کامیابی کو دنیا بھر کے فٹبال شائقین کے نام کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال مداحوں کا کھیل ہے۔
رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنے پہلے بیلن ڈی اور ایوارڈ کو چومتے ہوئے تصویر بھی شیئر کی۔ یہ ٹائٹل انہیں 2008 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ملا تھا۔
رونالڈو کا 2008 کا سیزن ووٹنگ میں سرفہرست رہا۔ انہوں نے تمام مقابلوں میں 42 گول اسکور کیے اور مانچسٹر یونائیٹڈ کو پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ میسی کا 2012 کا سیزن دوسرے نمبر پر رہا، جب ارجنٹائنی اسٹار نے ایک کیلنڈر سال میں 91 گول کر کے فٹبال کی تاریخ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ رونالڈو کا 2017 کا سیزن تیسرے نمبر پر آیا۔
یہ خصوصی انتخاب بیلن ڈی اور کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر متعارف کرایا گیا تھا۔ ووٹنگ میں ہر ووٹ کی قیمت ایک یورو مقرر تھی اور شائقین متعدد بار ووٹ دے سکتے تھے۔ روایتی بیلن ڈی اور کے برعکس اس انتخاب کا فیصلہ صحافیوں کے بجائے عوامی ووٹنگ سے ہوا۔





