دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے عرب ریڈنگ چیلنج کے لیے 50 کروڑ درہم کے خصوصی اوقافی منصوبے کے تعمیراتی اور عملی مراحل کا جائزہ لیا۔ معروف کمپنی شوبھا ریئلٹی کے اشتراک سے تیار کیے جانے والے اس منصوبے کی تمام آمدن عرب ریڈنگ چیلنج کے لیے مختص ہوگی۔
دبئی کے علاقے البرشا ساؤتھ 3 میں تعمیر ہونے والے اس منصوبے میں رہائشی یونٹس، دفاتر، تجارتی مراکز اور مختلف سہولیات شامل ہوں گی۔ منصوبے پر تعمیراتی کام 2027 کی پہلی سہ ماہی میں شروع ہوگا جبکہ اسے 36 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس اوقافی منصوبے سے حاصل ہونے والی آمدن عرب دنیا میں علم، مطالعے، ثقافت اور عربی زبان کے فروغ کے لیے استعمال ہوگی۔ اس کا مقصد نئی نسل کو جدید علوم و ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنے کے ساتھ کتابوں سے مستقل وابستگی پیدا کرنا ہے۔
دوسری جانب عرب ریڈنگ چیلنج کے دسویں ایڈیشن میں 60 ممالک کے 4 کروڑ 3 لاکھ طلبہ نے شرکت کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا، جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔ مقابلے میں ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد اسکولوں اور ایک لاکھ 61 ہزار نگران اساتذہ نے حصہ لیا۔
مصر کی 11 سالہ طالبہ میار محمد رجب عثمان نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے 5 لاکھ درہم کا انعام اپنے نام کیا، جبکہ فلسطین کی غزال رشاد عادل تیم دوسری اور سعودی عرب کے ریان بن ادیب علی الزاکری تیسری پوزیشن پر رہے۔
واضح رہے کہ شیخ محمد بن راشد نے 2015 میں عرب ریڈنگ چیلنج کا آغاز کیا تھا۔ اس عالمی تعلیمی اقدام کے تحت طلبہ کو ایک تعلیمی سال میں 50 کتابیں پڑھنے اور ان کا خلاصہ پیش کرنے کا ہدف دیا جاتا ہے۔





