دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی نے سونے کے زیورات کی دنیا میں ایک اور نمایاں اعزاز حاصل کر لیا، جہاں ہاتھ سے تیار کردہ دیوہیکل سونے کی بالیوں کے ایک جوڑے نے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔
جوالُکاس جیولری کے تیار کردہ اس منفرد جوڑے کو دنیا کی سب سے بھاری اور سب سے بڑی سونے کی بالیوں کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ ’مایورا سہاسرا‘ نامی اس جوڑے کا مجموعی خالص وزن 16.514 کلوگرام ہے اور یہ 22 قیراط سونے سے تیار کیا گیا ہے۔
بالیوں کی لمبائی 1.215 میٹر جبکہ قطر 0.682 میٹر ہے۔ ان کی تیاری میں 55 ماہر کاریگروں نے کئی ماہ تک محنت کی اور مجموعی طور پر 5,840 گھنٹے صرف کیے۔
ان بالیوں کی نقاب کشائی 24 اکتوبر کو دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ میں واقع جیول آف جوائے شوروم میں کی گئی۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات کے وزیرِ معیشت و سیاحت عبداللہ بن طوق المری، جوالُکاس گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر جوائے الُکاس اور زیورات کی صنعت سے وابستہ دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
مور کے حسن اور روایتی جنوبی ایشیائی جھمکوں سے متاثر اس تخلیق کی باریک نقش و نگاری کاریگروں کی مہارت اور فن کا مظہر ہے۔ جوالُکاس گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر جوائے الُکاس نے اس تخلیق کو دبئی اور ان ہنرمندوں کے نام خراجِ تحسین قرار دیا جنہوں نے ایک منفرد تصور کو حقیقت میں بدلا۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو جان پال الُکاس کے مطابق دبئی کو سونے کے شہر کے طور پر عالمی شہرت حاصل ہے اور ان بالیوں کی تیاری کا مقصد امارت کی ترقی اور کامیابیوں میں اپنا حصہ ڈالنا تھا۔
یہ ریکارڈ ساز بالیاں دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ کے جیول آف جوائے شوروم میں مستقل طور پر عوام کے دیکھنے کے لیے رکھی گئی ہیں۔ شوروم ہفتے کے ساتوں دن صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک کھلا رہتا ہے جبکہ داخلہ مفت ہے۔





