ممبئی (جانب منزل نیوز) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے اپنے والد سلیم خان اور والدہ کی شادی پر نانا کی ناراضی اور خاندانی اختلافات سے متعلق اہم انکشافات کردیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے رئیلٹی شو بگ باس میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے نانا والدین کی شادی پر خوش نہیں تھے۔ نانا کو اعتراض تھا کہ سلیم خان ایک خوب صورت شخص ہیں اور اداکار بننا چاہتے ہیں، جبکہ ان کی بیٹی کی شادی فلمی دنیا سے وابستہ شخص سے ہورہی ہے۔ خاندان کے دیگر افراد اس رشتے کو پسند کرتے تھے، لیکن نانا کو فلم انڈسٹری کے ماحول پر تحفظات تھے۔
سلمان خان کے مطابق ان کے نانا نے سلیم خان سے پانچ سال تک بات نہیں کی۔ بعد ازاں سہیل خان کی پیدائش پر وہ مٹھائی کا ڈبہ لے کر ان کے گھر پہنچے اور اعتراف کیا کہ سلیم خان سے بات نہ کرکے انہوں نے بڑی غلطی کی۔ انہیں اس بات کا افسوس تھا کہ وہ اپنے نواسوں کو بڑا ہوتے دیکھنے سے محروم رہے۔
اداکار نے والدین کے درمیان اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ والدین کے جھگڑے کے بعد ان کی والدہ میکے چلی گئی تھیں، تاہم نانا نے انہیں اپنے گھر واپس جانے کا کہا۔ ان کا مؤقف تھا کہ اختلافات کے باوجود بیٹی کو اپنے گھر واپس جانا چاہیے۔
سلمان خان کے مطابق ان کے نانا کو سلیم خان سے پانچ سال تک تعلقات منقطع رکھنے پر زندگی بھر پچھتاوا رہا۔





