انڈیا (جانب منزل نیوز) بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے خلاف 2010 کے ایک خودکشی کیس میں عدالت نے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کردیے، پولیس کو اداکارہ گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جھانسی کی فاسٹ ٹریک عدالت نے راکھی ساونت کی متعدد بار عدالتی پیشی سے غیرحاضری پر 16 اکتوبر کو وارنٹ جاری کیے۔ مقدمے کی آئندہ سماعت یکم دسمبر کو ہوگی۔
مقدمہ لکشمن اہروار کی موت سے متعلق ہے، جن کا انتقال 10 نومبر 2010 کو ہوا تھا۔ ان کی والدہ ساوتری نے الزام عائد کیا تھا کہ راکھی ساونت نے اپنے ٹی وی پروگرام ’’راکھی کا انصاف‘‘ میں ان کے بیٹے کے خلاف توہین آمیز اور نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔
استغاثہ کے مطابق لکشمن اہروار اور ان کی اہلیہ کو باہمی اختلافات کے باعث پروگرام میں مدعو کیا گیا تھا۔ بعد ازاں لکشمن کی موت پر ان کی والدہ نے مقدمہ درج کرایا۔
سرکاری وکیل مریدول کانت سریواستو کے مطابق عدالت نے اداکارہ کی عدم حاضری پر گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔





