دوحہ (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سلامتی فورس (لخویہ) کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ملاقات ہوئی، جس میں داخلی سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور سکیورٹی پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کی وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ داخلی سلامتی سے متعلق شعبوں میں باہمی تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
قطری وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور داخلی سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔





