لاہور (جانب منز نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے طالبہ فریحہ ابراہیم کی ہاسٹل میں موت کے معاملے پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
دستاویزات کے مطابق پی ایم ڈی سی کی ڈسپلنری کمیٹی نے واقعے سے متعلق حقائق کا جائزہ لینے کے بعد جرمانے کا فیصلہ کیا۔ کونسل نے یونیورسٹی انتظامیہ کو طلبہ کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے اضافی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
پی ایم ڈی سی نے یونیورسٹی کو طلبہ کے باقاعدہ طبی معائنے، مؤثر نگرانی اور احتساب کا نظام قائم کرنے کے علاوہ طالبات کے لیے کاؤنسلنگ، ہراسانی کی روک تھام اور مینٹورشپ پروگرامز نافذ کرنے کا بھی کہا ہے۔
فریحہ ابراہیم کی موت کے بعد پی ایم ڈی سی نے یونیورسٹی انتظامیہ سے تفصیلی جواب اور انکوائری رپورٹ طلب کی تھی۔ کونسل کی منظوری کے بعد جرمانے کا فیصلہ یونیورسٹی کو بھجوا دیا گیا۔
دوسری جانب فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے جرمانے سمیت پی ایم ڈی سی کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کر دی ہے۔





