اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے بنکاک روانہ ہوگئے، جہاں وہ 12 سے 18 اکتوبر تک پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر خزانہ کی عالمی مالیاتی اداروں، بین الاقوامی سرمایہ کاروں، عالمی بینکوں، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں اور مختلف ممالک کے حکام کے ساتھ 60 سے زائد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
دورے کا بنیادی مقصد عالمی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانا، پاکستان کی معاشی صورت حال اور جاری اصلاحات سے آگاہ کرنا اور ملکی معیشت میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف، عالمی بینک اور دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں پاکستان کی معاشی پیش رفت، ساختی اصلاحات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ سعودی عرب، چین، ترکیہ، ایران، برطانیہ اور تھائی لینڈ کے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جبکہ امریکی محکمہ خزانہ کے حکام سے اقتصادی تعاون اور اصلاحاتی ترجیحات پر گفتگو متوقع ہے۔
دورے کے دوران عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں فچ ریٹنگز، موڈیز اور ایس اینڈ پی گلوبل کے نمائندوں کو پاکستان کی معاشی پیش رفت، مالیاتی استحکام اور اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔
محمد اورنگزیب جے پی مورگن، سٹی، ڈوئچے بینک اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ سمیت عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد عالمی سرمایہ منڈیوں تک پاکستان کی رسائی بڑھانے اور ملکی معیشت میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے امکانات اجاگر کرنا ہے۔
علی بابا انٹرنیشنل ڈیجیٹل کامرس کے نمائندوں سے ملاقاتوں میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، ڈیجیٹل تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیر خزانہ جی 24 اور وی 20 سمیت اہم عالمی اقتصادی فورمز میں بھی شرکت کریں گے، جہاں موسمیاتی اقدامات، روزگار کے مواقع اور پائیدار ترقی سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
دورے کے دوران عالمی میڈیا اداروں رائٹرز، بلومبرگ، نکی ایشیا اور وال اسٹریٹ جرنل کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جن میں پاکستان کی معاشی صورت حال، حکومتی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کی ترجیحات میں برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کا فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور نجی شعبے کو ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا شامل ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ دورۂ بنکاک پاکستان کے عالمی مالیاتی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جبکہ خصوصی توجہ معاشی استحکام کے ثمرات کو کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کرنے پر مرکوز رہے گی۔





