اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کا مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع اور سنگجانی انٹرچینج منصوبوں کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے اور دونوں منصوبے 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
سی ڈی اے حکام نے جاری ترقیاتی کاموں اور پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا مارگلہ روڈ سے سنگجانی انٹرچینج تک منصوبے کی مجموعی لمبائی 2.7 کلومیٹر ہے، جس میں ایک انڈر پاس اور ایک انٹرچینج شامل ہے۔
محسن نقوی نے منصوبوں پر ڈبل شفٹ میں کام جاری رکھنے اور تعمیراتی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں منصوبے ہر صورت 31 دسمبر تک مکمل کیے جائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو تمام تجاوزات ایک ہفتے میں ختم کرنے اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد کے شہریوں کو موٹروے تک آمدورفت کے لیے متبادل راستہ میسر آئے گا۔





