پشاور (جانب منزل نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے لیے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے آسٹریلوی آل راؤنڈر آرون ہارڈی کو ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے ٹیم میں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔ زلمی نے آئندہ سیزن میں بھی ٹائٹل کے دفاع کے لیے مضبوط اور متوازن ٹیم میدان میں اتارنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
آرون ہارڈی نے پی ایس ایل 11 میں پشاور زلمی کی تاریخی ٹائٹل جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 6 میچز میں 133 رنز بنانے کے ساتھ 11 وکٹیں بھی حاصل کیں، جبکہ ان کا بیٹنگ اسٹرائیک ریٹ 149.44 رہا۔
فائنل میں ہارڈی نے پہلے گیند سے حریف ٹیم کو مشکلات سے دوچار کیا اور 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، بعدازاں ہدف کے تعاقب میں 39 گیندوں پر ناقابلِ شکست 56 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر زلمی کی فتح یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ آرون ہارڈی نے فیصلہ کن لمحات میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، فائنل میں ان کی بولنگ اور دباؤ میں بہترین بیٹنگ ٹیم کی چیمپئن شپ جیتنے کا اہم حصہ رہی۔
ہارڈی کی واپسی سے زلمی کے شائقین کو پی ایس ایل 12 میں ایک بار پھر اپنے پسندیدہ آل راؤنڈر کی دھواں دار کارکردگی دیکھنے کی امید ہے، جبکہ دفاعی چیمپئن اگلے سیزن میں بھی ٹرافی پشاور میں رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔





