اسلام آباد (جانب منزل نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی روابط، سی پیک، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔وہ پاکستان کے چین کے لیے نامزد سفیر علی اسد گیلانی سےگفتگو کر رہے تھے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے علی اسد گیلانی کو چین کے لیے سفیر مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے آزمودہ اور دیرینہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ نائب وزیراعظم نے ایشیا پیسیفک کے ایڈیشنل سیکریٹری کی حیثیت سے سفیر نامزد علی اسد گیلانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ان کا تجربہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرپا شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے بیجنگ میں ان کی نئی ذمہ داریوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








