دبئی (جانب منزل نیوز)متحدہ عرب امارات کی معروف فضائی کمپنی ایمریٹس ایئرلائن نے موسمِ سرما میں مسافروں کے لیے سفری سہولیات کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے 31 اضافی ہفتہ وار پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا۔ نئے منصوبے کے تحت یورپ اور برطانیہ کے متعدد روٹس پر پریمیم اکانومی کلاس کی سہولت بھی بڑھا دی گئی ہے، جس سے بین الاقوامی مسافروں کو آرام دہ اور جدید سفری تجربہ میسر آئے گا۔
ایمریٹس کے نئے ونٹر شیڈول میں کیپ ٹاؤن، فوکٹ، ہنوئی، منیلا، نیروبی، ٹوکیو ناریتا اور اکرا سمیت اہم عالمی مقامات کے لیے پروازوں میں اضافہ شامل ہے۔ ایئرلائن موسمِ سرما کے دوران دبئی اور یورپ کے درمیان روزانہ اوسطاً 78 پروازیں آپریٹ کرے گی۔
پریمیم اکانومی کلاس کی سہولت یورپ اور برطانیہ کے 41 میں سے 31 مقامات تک پہنچا دی گئی ہے، جبکہ پیرس چارلس ڈیگال بھی اس نیٹ ورک میں شامل ہوگیا ہے۔ اس کلاس میں مسافروں کو کشادہ نشستیں، اضافی لیگ اسپیس اور بہتر معیار کے کھانے سمیت جدید سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
نئے ایئربس A350 طیاروں میں پرائیویسی اسکرینز، الیکٹرک لیگ ریسٹس اور وائرلیس چارجنگ جیسی سہولیات بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ایمریٹس موسمِ سرما میں یورپ کے 21 مقامات پر اپنے A380 طیارے تعینات کرے گی، جس سے ایشیا، افریقہ اور بحرہند کے سیاحتی مقامات تک سفری رابطے مزید آسان ہوں گے۔
ایمریٹس کے ڈپٹی پریذیڈنٹ اور چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم کے مطابق موسمِ سرما میں مسافروں کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروازوں اور پریمیم اکانومی نشستوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو دنیا کے مقبول ترین مقامات تک بہتر اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔





