لاہور (جانب منزل نیوز) لاہور قلندرز نے کرکٹ کے نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے سابق کپتان امین الاسلام کو فرنچائز کے ہائی پرفارمنس سینٹرز کا ایڈوائزر مقرر کردیا۔
امین الاسلام اپنی نئی ذمہ داری میں ہائی پرفارمنس سینٹرز کی اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ، پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرامز، جدید کوچنگ ٹیکنیکس اور نوجوان کرکٹرز کی پروفیشنل کرکٹ میں ترقی کے لیے اپنی ماہرانہ تجاویز فراہم کریں گے۔
لاہور قلندرز اس تقرری کے ذریعے بین الاقوامی کرکٹ میں امین الاسلام کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ بنگلہ دیش میں اپنے کرکٹ آؤٹ ریچ پروگرام کو بھی وسعت دینا چاہتا ہے، تاکہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بہتر تربیت اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
امین الاسلام کا کرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ڈیولپمنٹ کے شعبے میں نمایاں تجربہ ہے۔ وہ 2015 سے 2025 تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں ایشیا کے کرکٹ ڈیولپمنٹ منیجر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ ایشین کرکٹ کونسل میں کرکٹ ڈیولپمنٹ آفیسر بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر کی ذمہ داری بھی نبھا چکے ہیں۔
بطور کھلاڑی امین الاسلام نے 1988 سے 2002 تک بنگلہ دیش کی نمائندگی کی اور 1999 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت بھی کی۔





